بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کے خلاف کل ملک گیر احتجاج کا اعلان
راولپنڈی: بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار اور سلیب سسٹم کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر راولپنڈی میں بھی تاجر برادری نے احتجاج کے لئے کمر کس لی ہے۔
انجمن تاجران کینٹ کے جنرل سیکرٹری ظفر قادری نے اعلان کیا ہے کہ کل شام چار بجے سے چھ بجے تک دکانیں بند رکھی جائیں گی۔ ظفر قادری کا کہنا ہے کہ کینٹ میں تمام تاجر بجلی کے بل اور ہاتھوں میں سلوگن والے پلے کارڈز لے کر اپنے چوراہوں پر پہنچیں گے۔
ظفر قادری نے کہا کہ تنخواہ دار اور متوسط طبقے سمیت تاجر بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں عوام کا یہ مسئلہ اٹھانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
جنرل سیکرٹری انجمن تاجران کینٹ ظفر قادری نے کہا کہ پرامن احتجاج کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔