کاغذات نامزدگی؛ یاسمین راشد سمیت متعدد امیدواروں کی اپیلیں منظور
اسلام آباد/کراچی/لاہور: کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کا آج آخری دن تھا اور الیکشن ٹریبونلز میں سماعتیں جاری رہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے انتخابی ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں این اے 130 سے نواز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔** ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اعظم خان نیازی، لاہور سے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کی اپیلیں بھی منظور ہوگئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کی نشست پر خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر اپیل خارج کرتے ہوئے ریٹرنگ افسر کا نایاب علی کے کاغذات منظوری کا فیصلہ برقرار رکھا اور اسے الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔
مسلم لیگ ن گوجر خان کے سابق ایم پی اے شوکت بھٹی الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے۔ راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے انہیں پی پی 9 گوجر خان سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ انہیں جعلی ڈگری پیش کرنے پر سپریم کورٹ نے 2018 میں نااہل قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن ٹربیونلز آج دائر تمام اپیلوں کے فیصلے سنائیں گے۔ آج جو اپیلیں رہ جائیں گی وہ غیر مؤثر ہونے پر خارج تصور ہونگی۔
چیف جسٹس ہائی کورٹس نے لارجر بنچز تشکیل دے دیے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل سے جن کی اپیلیں مسترد ہوئیں وہ آج سے لارجر بنچ میں اپیل دائر کر سکیں گے۔
لارجر بنچ کے فیصلوں کیخلاف آخری اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جاسکے گی۔ ریٹرننگ افسران کل 11 جنوری کو امیدواروں کی نئی فہرست جاری کریں گے۔