الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو بلا کا نشان دینے میں تاخیرکررہاہے۔
اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے آج الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو جمع کرا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بلا کے نشان کو اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا چاہیے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلا کے نشان دینے میں تاخیر کر رہا ہے، جو کہ توہین عدالت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے تمام فریقین کو سن کر فیصلہ دیا ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کو اس فیصلے پر عمل کرنا چاہیے۔
شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن کو صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن سپریم کورٹ سے رجوع کرتا ہے تو وہ بھی ان کی درخواست کو رد کر دے گا۔
شعیب شاہین نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان نہ دینا آئین کے خلاف سازش ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آج بھی لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی جارہی ہے اور اس کے کارکنوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے عملے نے شعیب شاہین کو بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔