محکمہ موسمیات نے 14 نومبر سے پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی
اسلام آباد: مغربی ہوائیں کل شام سے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے ملک کے متعدد علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا.
محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں بالخصوص شمالی اور وسطی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی وارننگ جاری کی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 14 سے 15 نومبر تک ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے صوبے میں سموگ میں کمی واقع ہو گی۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور بٹگرام اور ان کے ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی ہزارہ کے کچھ حصوں بشمول مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں کل شام سے بارش شروع ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑی سلسلوں میں برفباری کا امکان ہے۔
مزید برآں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال اور جہلم سمیت گردونواح میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، خوشاب اور سرگودھا جیسے شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بارش کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔
بلوچستان اور جنوبی علاقوں جیسے کوئٹہ، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ جنوبی پنجاب کے بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بارش کل شام سے 16 نومبر کی صبح تک جاری رہنے کی توقع ہے۔