پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کی پیپلز لبریشن آرمی کی بری افواج کے کمانڈر جنرل لی چیائو منگ سے ملاقات میں گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عسکری سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں ۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی بری افواج کے کمانڈر جنرل لی چیائو منگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر جنرل لی کا خیرمقدم کیا ۔
جنرل لی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط سٹریٹجک تعلقات ہیں اور دونوں ممالک قابل اعتماد دوست ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے جو دونوں ممالک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔وزیراعظم نے عسکری سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ جنرل لی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین آہنی بھائی، سٹریٹجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کی دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے جنرل لی نے دونوں مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کے مختلف پہلوئوں بالخصوص دوطرفہ دفاعی اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔