پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔*
پی ٹی آئی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ دھاندلی کے ذریعے پی ڈی ایم ٹو کو دوبارہ عوام پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین جمہوریت پر کھلے ڈاکے میں مرکزی سہولت کار ہیں اور انہیں فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا اور سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی۔
انہوں نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔
*سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا اور تمام آزاد سروے کے مطابق شہر کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں۔