پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں کی ملاقات،آئینی ترمیمی پیکیج اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے پر تجاویز پرتبادلہ خیال
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدرسینیٹر شیریں رحمان کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد سندھ ہائوس (گورنر انیکسی) میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے وفد سے ملاقات کی ۔
ایم کیوایم کی طرف سے ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور ڈاکٹر عاصم حسین شریک ہوئے ۔ ایم کیو ایم کے وفد نے آئینی ترمیمی پیکیج کیلئے اپنی تجاویز پیپلز پارٹی کے سامنے رکھیں۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم پیکج کیلئے تجاویز میں ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی ترمیم شامل ہے،ایم کیو ایم آئینی ترمیم کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے ساتھ آئینی تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم رہنمائوں کی تجاویز اپنی اعلیٰ قیادت کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پیپلز پارٹی کے وفد نے قیادت سے مشاورت کے بعد ایم کیو ایم کو جواب دینے اور مستقبل میں باہمی رابطوں پرزور دیا ۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے مزید ملاقاتیں ہونگی ۔