ایف آئی اے نے ویزہ فراڈ اور بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دینے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزم کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی۔ عدنان انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں بھی ملوث تھا۔
حکام نے بتایا کہ چھاپے کے دوران متعدد پاسپورٹس، سفری دستاویزات اور ایگریمنٹ بھی برآمد ہوئے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزم فارن اسٹڈی پلانر کے نام سے غیر قانونی ادارہ چلا رہا تھا۔ ادارے کے ذریعے وہ بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر لوگوں سے لاکھوں روپے بٹور رہا تھا۔
تفتیش کے دوران ملزم سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ بیرون ملک نوکری کے سلسلے میں کسی بھی بھی کمپنی یا ایجنٹ سے رقم نہ دیں۔ بیرون ملک نوکری کے بارے میں معلومات صرف حکومت کی منظور شدہ ویب سائٹس یا ایجنسیوں سے حاصل کریں۔