وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایت کار الطاف حسین کے انتقال پر اظہار افسوس
وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اور مقبول ہدایت کار الطاف حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان فلم انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے، انہوں نے اپنی زندگی میں کئی یادگار فلموں میں ہدایت کاری کی اور اپنی محنت اور لگن سے پاکستان فلم انڈسٹری کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا انتقال نہ صرف پاکستان فلم انڈسٹری بلکہ پورے ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، آج جب ہم انہیں کھو چکے ہیں تو ہمیں ان کی خدمات کو یاد رکھنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین