وزیر اعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
پاکستان اور ترکیہ نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر اعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا، وزیر اعظم اور ترک صدر نے علاقائی اور عالمی امور بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر سے ملاقات کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان۔ترکیہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔